37

سی پیک، ملکی وبیرونی انویسٹرز کو یکساں مراعات ملیں گی

اسلام آباد: سی پیک منصوبے کے تحت پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز میں صنعتیں قائم کرنے والے پاکستانی، چینی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو یکساں خصوصی مراعات حاصل ہوں گی۔

سی پیک سیکریٹریٹ کے ذرائع کے مطابق خصوصی اقتصادی زونز میں صنعتیں قائم کرنے والے پاکستانی، چینی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں سے استثنیٰ اور رعایتی قرضوں سمیت خصوصی مراعات حاصل کریں گے۔

انہوں نے بتایاکہ تمام زونز میں پاکستان کی مقامی صنعت کو بھی فوقیت دی جائے گی اورحکومت پاکستان نے چین کے کاروباری اداروں سمیت دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کاروں کی ترغیب کے لیے ایک پالیسی پیکج تیار کیا ہے۔ رعایتی پیکج میں خصوصی اقتصادی زونز میں تنصیب کے لیے پاکستان درآمد کی جانے والی مشینری اور پلانٹ پر تمام کسٹم ڈیوٹیاں اور ٹیکسوں سے ایک مرتبہ چھوٹ شامل ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ خصوصی اقتصادی زونز میں رشکئی خیبرپختونخوا، ڈھابے جی سندھ، بلوچستان میں بوستان انڈسٹریل زون، علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد، گلگت میں مقپونداس، اسلام آباد میں آئی سی ٹی ماڈل، سندھ میں پورٹ قاسم، فاٹا اور میرپور آزاد کشمیر میں مہمند ماربل سٹی شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں